Archive for جولائی, 2008

پکاسو کي بيوہ

سياست اور محبت ميں جو کرتے ہيں وہ جائز ہوتا ہے، صرف وہ ناجائز ہوتا ہے جو دوسرے  کرتے ہيں، پہلے سياستدان کرپٹ ہوتے تھے، آج کل کرپٹ سياستدان ہوگئے ہيں، رامے خود کو اس سياست کا باغي کہتے ہيں، انہيں مل کر باغي سے مراد باغ ميں آنے جانے والا ہي ليا جاسکتا ہے، کہتے ہيں ميں مڈل کلاس سےہوں، ہم نے سنا ہے، مڈل کلاس سے تو غلام حيدر وائيں صاحب تھے، رامے تو ايم اے ہيں، اگر وہ يہ کہتے ہيں کہ ميں مڈل کلاس کي نمائندگي کي ہے تو يہ کوئي بڑي بات نہيں، ہم خود مڈل کلاس کي نمائندگي کرچکے ہيں، مڈل کلاس ميں ہم مانيٹر تھے۔

1957 ميں نصرت نکالا، بعد ميں نصرت پيپلز پارٹي کا ترجمان بنا، اب تو نصرت پيپلز پارٹي کي ترجمان ہے، بھٹو دور ميں رسالے نصرت پر اپنے نام سے پہلے طابع لکھتے مگر اسے تابع پڑھتے، سولہ ماہ وزيراعلي ہائوس ميں سولہ ماہ شاہي قلعے ميں قيد رہے، لون ان سے اتني محبت کرتے ہيں کہ جب وہ وزير اعلي تھے تو لوگ وزيراعلي ہائوس کے سامنے جا کر کہتے وزيراعلي کو رہا کرو، ليکن يہ آج تک يہي سمجھتے ہيں کہ عوام کہتے تھے، وزير اعلي رہا کرو، آج بھي نام کے ساتھ وزيراعلي يوں لکھتے ہيں جيسے ڈاکٹر اپنے نام کے ساتھ ايم بي بي ايس لکھتے ہيں۔

روزنامہ مساوات سے نکل کر مساوات پارٹي بنائي، دونوں ميں يہ فرق تھا کہ روزنامہ مساوات ميں کارکن زيادہ تھے، پارٹي کا اس قدر خيال رکھتے کہ جب کہيں باہر جاتے تو ہمسائيوں کو کہہ کر جاتے کہ اس کا خيال رکھان آکر لے لوں گا، ريٹرن ٹکٹ پر سفر کرتے ہيں، وہ تو اليکشن ميں بھي ريٹرن ٹکٹ پر ہي Suffer کرتے ہيں۔
مصوري فطرت کي عکاسي ہوتي ہے، جي ہاں مصور کي فطرت کي، پينٹنگ ديکھنےکا اصول يہ ہے کہ خود نہ بولو پينٹنگ بولنے دو، رامے صاحب نے تجريدي  مصوري کو بہت توجہ دي، ويسے بھي تجريدي مصوري اتني تو توجہ مانگتي ہے کہ مصور کا ذرا دھينا ادھر ادھر ہوجائے تو بھول جاتا ہے، کہ کيا بنا رہا تھا، سکھوں کے شہر ميں پيدا ہوئے مگر اپني گفتگو سے اس کا پتہ نہيں چلنے ديا، ان کي تصويروں سے پتہ چلتا ہے کہ بدصورتي کو بڑي خوبصورتي سے پينٹ کرتے ہيں، مصوري ميں وہ پکاسو کي بيوہ ہيں، کسي تصوير کو کپڑے پہنا ديں تو اس کا طرف يوں ديکھيں گے جيسے کوئي سخي کسي ننگے کو لباس پہنانے کے بعد ديکھتا ہے، بچپن ميں ٹريس کرکے تصويريں بناتے اور مار کھاتے، ہماے تو ايک جاننے والے مصور نے ٹريس کرکے تصوير بناتے ہوئے بيوي سے مار کھائي کيونکہ وہ ايک ماڈل سے تصوير ٹريس کررہے تھے۔

— ڈاکٹر محمد يونس بٹ —

تبصرہ کریں